328

محکمہ تعلیم میں پہلے بچے کی پیدائش پر خاتون ملازم کو 6ماہ مرد کو ایک ماہ چھٹی ملے گی سینیٹ کمیٹی میں بل منظور :رپوٹ لبنی اشرف سیال

Maternity & Paternity Leave bill 2019
پہلے بچے کی پیدائش پر خاتون ملازم کو 6ماہ مرد کو ایک ماہ چھٹی ملے گی سینیٹ کمیٹی میں بل منظور

اسلام آباد: (لبنی اشرف سیال ) سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے دوران سروس بچے کی پیدائش پر خواتین اور مرد ملازمین کیلئے اضافی مراعات دینے کے بل ‘میٹرنٹی اینڈ پیٹرنٹی لیوبل 2019’ کی متفقہ منظوری دیدی۔

قائمہ کمیٹی کا اجلاس سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی صدارت میں پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا۔ اجلاس میں سینیٹر قراۃ العین مری کا بل منظوری کیلئے پیش کیا گیا۔ چیئرمین کمیٹی نے بل پر حکومتی موقف معلوم کیا تو سیکرٹری خزانہ نوید کامران بلوچ نے کوئی اعتراض نہیں کیا جس پر بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔ اس بل کے تحت پہلے بچے کی پیدائش پر خواتین ملازمین کو لیو اکاؤنٹ سے باہر مکمل تنخواہ اور مراعات کے ساتھ 180 دن کی چھٹی دی جائے گی۔ دوسرے بچے کی پیدائش پر خواتین ملازمین کو لیو اکاؤنٹ سے باہر پوری تنخواہ اور مراعات کے ساتھ 120 دن جبکہ تیسرے بچے کی پیدائش پر 90 دن کی چھٹی بمعہ تنخواہ ومراعات دی جائے گی اور یہ سہولت پوری سروس کے دوران صرف 3 بار دستیاب ہوگی۔
اسی طرح جس مرد ملازم کی بیوی بچے کی پیدائش کے مرحلے سے گزر رہی ہوگی، اسے ایک ماہ کی چھٹی مکمل تنخواہ اور مراعات کے ساتھ دی جائے گی۔ مرد ملازمین کو بھی پیٹرنٹی لیو کی سہولت پوری سروس کے دوران 3 بار دستیاب ہوگی۔ جن اداروں کے سربراہان یا ایگزیکٹو افسران اپنے ملازمین کو میٹرنٹی اور پیٹرنٹی لیو کی سہولت فراہم کرنے سے انکار کریں گے تو یہ ایک جرم تصور ہوگا اور اس پر انہیں 6 ماہ کی قید کے علاوہ جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا۔ اس بل کا اطلاق وزارتوں، ڈویژنوں، ان کے ماتحت اداروں، ایگزیکٹو ڈیپارٹمنٹس، پبلک اور پرائیویٹ آرگنائزیشنوں، فرموں، کارپوریشنوں، خود مختار ونیم خود مختار اداروں، کارپوریٹ سیکٹر، انٹرپرائزز، صنعتی یونٹوں، فیکٹریوں اور وفاقی حکومت کے زیر انتظام کام کرنے والے یا ریگولیٹ ہونے والے اداروں کے مستقل اور کنٹریکٹ ملازمین پر یکساں ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں