776

اسلام اباد ایرپورٹ پر اوارہ کتوں کے بعد پی ائی کے جہاز میں چمگادڑ

باکمال لوگوں کی لاجواب سروس : رپوٹ مدثر پاشا

ملک کے سب سے بڑے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے اندر آوارہ کتوں کی موجودگی پر ڈی جی سول ایوی ایشن نے ایکشن لیتے ہوئے منیجر کو عہدے سے برطرف کردیا، اسلام آباد سے کراچی جانے والی پرواز میں چمگادڑ داخل ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ بھی آوارہ کتوں سے محفوظ نہ رہا، پانچ کتے’’آوارہ گردی‘‘کرتے ہوئے سیکیورٹی اہلکاروں کی نظروں میں دھول جھونک کر ایئرپورٹ کے اندر داخل ہوگئے، ٹرالی پر سامان لے جانے مسافر پر بھونکنا شروع کردیا۔

سیکیورٹی عملہ غائب ہونے پر ڈی جی سول ایوی ایشن نے منیجر ایئرپورٹ اصغر فہیم پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ان کو عہدے سے ہٹادیا اور واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

اس حوالے سے ترجمان سول ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر آوارہ کتوں کے گھومنے کی وڈیو سوشل میڈیا پر آنے اور میڈیا رپورٹس پر ڈی جی سول ایوی ایشن نے ایئرپورٹ منیجر کو عہدے سے ہٹانے کے احکامات جاری کیے۔
کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ منیجرز کا تبادلہ بھی کردیا گیا

تازہ ترین اطلاعات کے مطابق نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کتوں کے بھونکنے کی گونج کے بعد کراچی اور اسلام آباد ایئرپورٹ منیجرز کا تبادلہ بھی کردیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے فیصلے کے بعد نیو اسلام آباد ایئرپورٹ کے منیجر اصغرخٹک کو او ایس ڈی بنا دیا گیا ہے جبکہ ان کی جگہ کراچی ایئرپورٹ کے منیجر سردار جاوید عتیق کو نیواسلام آباد ایئرپورٹ منیجر تعینات کردیا گیا ہے۔

اس کے علاوہ ظفراعتماد کو کراچی ایئرپورٹ منیجر تعینات کردیا گیا ہے، ظفراعتماد اس سے قبل نیو اسلام آباد ایئرپورٹ منیجر تھے، ظفراعتماد کو ایئرپورٹ میں بارش کا پانی بھر جانے پر عہدے سے ہٹانے کے بعد اصغرخٹک کو منیجر تعینات کیا گیا تھا، مذکورہ تبادلے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے نوٹس لینے کے بعد کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب اسلام آباد سے کراچی آنے والی پروازمیں چمگادڑ داخل ہوگئی، طیارے کے اندر چمگادڑ کو دیکھ کر کچھ مسافروں کی چیخیں نکل گئیں، صورتحال دیکھ کر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں اور چمگادڑ کو طیارے سے باہر نکال دیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں