مخصوص افراد کے لیے معذوری سرٹیفکیٹ جاری کرنے کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع۔ سید قاسم نوید قمر۔ کراچی 8 مارچ۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے کہا ہے کہ ان کے محکمے نے صوبے بھر میں خصوصی افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ کے اجراء کے لئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا ہے اور اس مقصد کے لئے صوبے بھر میں 28 مراکز قائم کیے گئے ہیں جہاں مقامی میڈیکل بورڈ کی مدد سے ان خصوصی افراد کو معذوری سرٹیفکیٹ جاری کئے جارہے ہیں۔ یہ بات انہوں نے اڈیلیڈا لیپرسی سینٹر کراچی کا دورہ کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ادارے کی سی ای او میرون لوبو ، ڈائریکٹر ایڈمسٹریشن ساویو پیریا اور مینیجر رابعہ ریاض بھی موجود تھے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر کو ادارے کی جانب سے جذام کے مریضوں کو دی جانے والی سہولیات اور علاج معالجے سے متعلق معلومات فراہم کی گئیں۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی سید قاسم نوید قمر نے ادارے کی جانب سے فراہم کردہ سہولیات کو سراہتے ہوئے ان کے دکھی انسانیت کی خدمت کی تعریف کی۔ وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے بتایا کہ ان کے محکمے نے نادرا کے تعاون سے خصوصی افراد کے لیے خصوصی شناختی کارڈز کے اجراء کے لئے بھی ون ونڈو آپریشن شروع کررکھا ہے اور اب تک اس سلسلے کے کیمپ کراچی ، حیدرآباد اور ٹنڈو محمد خان میں منعقد کئے گئے ہیں جہاں اب تک ہزار سے زائد خصوصی افراد کو شناختی کارڈز جاری کئے گئے ہیں اور اس قسم کیمپ جلد دیگر اضلاع میں بھی منعقد کئے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی برائے بحالی خصوصی افراد سید قاسم نوید قمر نے اپنے محکمے کی جانب سے خصوصی افراد کی بحالی کے لئے اٹھائے گئے اقدامات سے بھی آگاہ کیا
1,631