251

دانتوں کی کمزوری کینسر کی علامت ہوسکتی ہے،ڈاکٹر غلام مصطفی چوہدری::::: رپوٹ محمد ظفر زریں

دانتوں کے امراض میں اضافے کی وجہ باقاعدہ برش نہ کرنا،غیر متوازن خوراک ہے
خواتین دوران حمل زیادہ سے زیادہ کیلشیم کا استعمال کریں،

سندیلیانوالی(نامہ نگار)

سپیشلسٹ فیملی میڈیسن فزیشن اینڈ سرجن ڈاکٹر غلام مصطفی چوہدری نے کہا ہے کہ دانتوں کی کمزوری منہ،جبڑے یا ہڈیوں کے کینسر کی علامت بھی ہوسکتی ہے،غیر متوازن خوراک کے باعث دانتوں کے امراض بڑھ رہے ہیں جبکہ دوران حمل غیر متوازن خوراک بچے کو دانتوں کے امراض میں مبتلا کرنے کا سبب بن رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ’’روزنامہ پاکستان‘‘سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ خراب دانت جیسے ٹوٹے یا نوکیلے دانت یا بوسیدہ دانت اگر منہ کے نرم حصے سے ٹکرائیں تو بھی منہ یا تالو کے کینسر کا سبب بن سکتے ہیں،اس لیے فوری طور پر دانتوں کی خرابی کو نظر انداز نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے بتایا کہ دانتوں کے امراض میں اضافے کی وجہ باقاعدہ برش نہ کرنا اور غیر متوازن خوراک ہے،دانتوں کی بہتر افزائش کے لیے ضروری ہے کہ دودھ،سبزیاں اور موسمی پھل استعمال کیے جائیں ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ شہری علاقوں میں دانتوں کو کیڑا لگنے اور دیہی علاقوں میں مسوڑھوں کی کمزوری کے امراض زیادہ رپورٹ ہورہے ہیں،اس کی بنیادی وجہ شہری علاقوں میں دانتوں سے چپکنے والی اشیاء مثلاً چاکلیٹ وغیرہ کا استعمال ہے جبکہ دیہی علاقوں میں سخت چیزوں مثلا گنا وغیرہ دانتوں سے چھیلنے کے باعث مسوڑھوں کے امراض دیکھنے میں آئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دانتوں کی وجہ سے کینسر نہیں ہوتا بلکہ منہ،جبڑے یا ہڈیوں کے کینسر کے باعث دانت کمزور ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ دوران حمل غیر متوازن خوراک بچے پر منفی اثرات مرتب کرتی ہے،اس کے باعث بچہ دانتوں کے امراض میں بھی مبتلا ہوسکتا ہے۔خواتین کو دوران حمل کیلشیم کا استعمال زیادہ سے زیادہ کرنا چاہیے تاکہ بچہ صحت مند ہو اور دانتوں کے امراض میں مبتلا نہ ہو۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں